اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا آج ہونے والا دورہ کراچی خراب موسم کے باعث ملتوی کر دیا گیا۔
وزیر اعظم عمران خان نے اپنے دورہ کراچی کے دوران مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرنا تھا۔ جس میں سخی حسن فلائی اوور، فائیو اسٹار فلائی اوور اور کے ڈی اے فلائی اوور کے منصوبے شامل تھے۔
وزیر اعظم نے نشتر روڈ اور منگھوپیر روڈ بحالی کے منصوبوں کا بھی افتتاح کرنا تھا۔
وزیر اعظم نے کراچی میں اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت بھی کرنا تھی جس میں وفاق کے فنڈز سے تعمیر ہونے والے ترقیاتی منصوبے اور عوامی فلاحی اسکیموں میں پیش رفت کا جائزہ لیا جانا تھا۔
اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے حکومتی اور پارٹی ترجمانوں کو کہا کہ وہ حکومت کا حصہ ہیں اس لیے حزب اختلاف کی طرح سطحی باتیں نہ کیا کریں۔
حکومتی اور پارٹی ترجمانوں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا پارٹی ترجمانوں کو میڈیا پر مکمل اعدادوشمار کے ساتھ جانا چاہیے تاکہ حکومت کے مثبت اقدامات پوری طرح اجاگر کیے جا سکیں۔