چین اور نیپال کے درمیان دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ کو سیاحوں کیلئے بند کر دیا گیا ہے۔
نیپال اور چین کی حکومتیں کوہ پیماؤں میں مقبول اس عظیم چوٹی پر جانے والے مہم جوؤں کو اپنے اپنے ملکی قوانین کے مطابق اجازت نامے یا پرمٹ جاری کرتی ہیں تاہم چین نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظراس پر پابندی لگا دی ہے۔
کورونا وائرس کے پیش نظرعائد کی جانے والی پابندیوں کے تحت چین نے اپنی جانب سے ماؤنٹ ایورسٹ کے لیے موسم بہار کی مہم جوئی منسوخ کر دی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ احکامات ہیں کہ ماؤنٹ ایورسٹ سرکرنے کے خواہاں کوہ پیماؤں کو پہلے 14 دن قرنطیہ میں رہنا ہوگا اور تبت جہاں اس چوٹی کا نصف حصہ واقع ہے وہاں کے لیے پروازیں بدستور معطل ہیں۔
نصف درجن کے قریب آپریٹرز جو کہ پانچ ٹیموں کے 50 کے قریب کوہ پیماؤں کے ذمہ دار ہیں اب اپنی مہمات کو نیپال منتقل کرنے پر غور کر رہے ہیں۔
اگرچہ زیادہ تر کوہ پیما نیپال میں جنوبی سمت سے چوٹی سر کرتے ہیں لیکن حالیہ برسوں میں چین سے ہونے والی مہمات بھی کافی مقبول ہیں۔
نیپالی حکام کا کہنا ان کے اس سال نسبتاً کم مہمات متوقع ہیں۔ کیونکہ چین، جنوبی کوریا، جاپان، اٹلی اور امریکہ سے مہمات کو منسوخ کیا گیا ہے