اسلام آباد:(18 مارچ 2020) چین کا دو روزہ سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس پہنچنے والے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خود کو قرنطینہ کرتے ہوئے اپنا کورونا ٹیسٹ کرانے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے بیان میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر خود کو قرنطینہ کرلیا ہے،طبی ماہرین نے مجھے بھی پانچ دن بعد کورونا ٹیسٹ کا مشورہ دیا ہے، اس لئے فیصلہ کیا ہے کہ اس وقت تک خود کو آئسولیشن میں رکھوں گا۔
اپنے بیان میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چین جانے کا مقصد کورونا وائرس سے ہونے والے جانی نقصان پر چینی حکومت سے اظہاریکجہتی کرنا تھا، کورونا کا مرکز ووہان کوسمجھا جارہا تھا،کل ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چینی قیادت کے مطابق یہ آزمائش کی گھڑی ہے ،چین بھی مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ ہے،چین سے پاکستانیوں کو نہ لاکر ان پر اعتماد کیا ،پاکستانی طلبا کے ساتھ سفارتخانے کا رابطہ ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے متعلق احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہے جبکہ وائرس کے باعث مکمل لاک ڈاؤن سے ہماری معیشت پرمنفی اثرپڑے گا۔