کراچی: سندھ میں کورونا وائرس میں مبتلا ایک مریض دم توڑ گیا۔ صوبے میں کورونا وائرس سے متاثر افراد کی تعداد 245 ہو گئی۔
سندھ میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت۔ کراچی میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت کی صوبائی وزیر صحت نے تصدیق کردی۔ صوبائی وزیر صحت عذرا فضل پیچوہو کہتی ہیں کہ مریض کینسر، ذیابطیس اور ہائپرٹینشن کے امراض میں مبتلا تھا جس کی وجہ سے کورونا سے شدید متاثر ہوا۔ مذکورہ شخص کو کل نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا اور اس کی عمر 77 سال تھی۔
کراچی میں کورونا وائرس کے مزید 37 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد صوبے میں مجموعی تعداد 245 ہوگئی ہے۔ ترجمان محکمہ صحت نے بتایا کہ تمام 37 کیسز کراچی میں رپورٹ ہوئے ہیں۔ اب تک سکھر میں 151، کراچی میں 93 اور حیدرآباد میں کورونا وائرس کا ایک کیس سامنے آچکا ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس سے 3 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔