اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کاروباری طبقے کے لیے اسٹیٹ بینک کی مرعات کےاعلان کا مقصد ٹارگٹڈ لاک ڈاوَن کے دوران عوام کا تحفظ کرنا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری اپنے پیغام میں انہوں نے لکھا ہے کہ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام جاری ہے، کاروباری طبقے کو بھی مراعات دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کا اقدام معیشت کو رواں رکھنے میں مدد دے گا، یہ اقدام بڑے پیمانے پر بیروزگاری سے بچنے میں بھی مددگار ہوگا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ٹیکس ریفنڈز اور زراعت کیساتھ تعمیرات کے شعبے کو کھولنے جیسے فیصلے بھی کئے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کورونا کے ہنگام کاروباری طبقے کیلئے اسٹیٹ بینک کی مراعات نہ صرف کاروباروں کو زندہ رہنے میں مدد دیں گی بلکہ ان سے بیروزگاری کے سیلاب کے آگے بند باندھنے میں بھی مدد ملے گی۔