پاکستان کرکٹ ٹیم کے تیز گیند باز رومان ریئس نے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے متاثر افراد کی امداد کیلئے اپنے کرکٹ گیئرز نیلام کرنے کا اعلان کیا ہے۔
رومان رئیس کورونا وبا کے دوران لاک ڈاون سے متاثرین میں راشن کی تقسیم کا کام کرر رہے ہیں اور اب انہوں نے اپنے کرکٹ گیئرز نیلام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نیلامی سے جمع ہونیوالی رقم سے متاثرہ افراد میں راشن تقسیم کیا جائے گا۔ رومان رئیس نے چیمپئنز ٹرافی میں ڈیبیو پر پہننے والی ون ڈے کیپ، اسلام آباد یونائٹیڈ کی جانب سے دو مرتبہ پی ایس ایل جیتنے والی شرٹ، کرکٹ بیٹ اور پاکستان ٹیم کی ٹی شرٹ نیلام کریں گے۔
نیلامی کا عمل سولہ اپریل سے انیس اپریل تک جاری رہے گا اور جمع ہونے والی رقم سے متاثرین کو راشن اور رمضان المبارک کے دوران سحری اور افطاری فراہم کی جائے گی۔
پاکستان کی جانب سے آٹھ ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنلز اور نو ایک روزہ میچز کھیلنے والے رومان رئیس کا کہنا ہے کہ وہ تمام تفصیلات اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر جاری کردیں گے۔
رومان رئیس نے بتایا کہ انہوں نے ابتداء میں از خود تیس خاندانوں کی مدد کا سوچ کر کام شروع کیا تھا، حالات دیکھ کر اندازہ ہوا کہ کام جاری رہنا چاہئے جس کے بعد دوستوں کے ساتھ مل کر ضرورت مندوں میں راشن کی تقسیم کو باضابطہ طور پر شروع کیا اور اب یہ کام رمضان المبارک میں بھی جاری رکھنا ہے۔