لاڑکانہ: سندھ اسمبلی کے رکن اور گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے رہنما معظم علی عباسی بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے۔
رکن سندھ اسمبلی معظم علی عباسی نے اپنے ایک جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے اسمبلی اجلاس میں شرکت سے قبل کورونا ٹیسٹ کروایا تھا جو مثبت آیا۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مکمل طور پر حکومت کی جاری کردہ ایس او پیز پر عمل کریں اور کورونا کو معمولی نہ سمجھیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی اراکین اسمبلی کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔
دو ہفتے قبل رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر سہراب سرکی سمیت گھر کے 6 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جبکہ اس سے قبل ایم کیو ایم کی رکن سندھ اسمبلی منگلا شرما بھی کورونا کا شکار ہو چکی ہیں۔
سینیٹ کے دو ارکان سینیٹر مولانا عطا الرحمان اور سینیٹر فدا محمد میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جبکہ ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری بھی کورونا کا شکار ہو چکے ہیں۔
گزشتہ ماہ پاکستان تحریک انصاف کی رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئی تھیں۔