سکھر: صوبہ سندھ کے ضلع سکھر کی تحصیل پنوں عاقل میں ذہنی مریض نے اپنے ہی گھرکے 10 افراد کو قتل کردیا ہے۔
ایدھی ذرائع کے مطابق قتل کیے گئے افراد میں چھ خواتین اور چار بچے شامل ہیں۔ واقعہ سکھر کینٹ تھانہ کی حدود میں پیش آیا۔
قتل ہونے والوں میں ملزم کی ماں، بہن، بیوی اور بیٹی بھی شامل ہیں۔ ملزم نے تمام افراد کو تیز دھار آلے سے قتل کیا اور اس کے بعد گھر میں موجود رہا۔
مبینہ طور پر ذہنی مریض وہاب اندھڑ نامی شخص نے سوئے ہوئے افراد کو تیز دھار آلے سے قتل کیا۔ علی الصبح ہمسائیوں کو تشویش ہوئی جس پر پولیس کو مطلع کیا گیا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے مزید تفتیش کیلئے تھانے منتقل کر دیا ہے۔
پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا ہوا ہے اور پولیس نے علاقے کو مکمل طور پر سیل کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پنو عاقل واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔