بھارتی فوج نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلا اشتعال فائرنگ کی اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے3 معصوم پاکستانی شہری زخمی ہوگئے ہیں جن کو ابتدائی طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے بیدوری سیکٹر میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا اور پاک فوج نے بھی دشمن کی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی بھارتی فوج نے بیدوری سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں پاک فوج کے حوالدار لیاقت شہید ہو گئے۔ چکوال کے رہائشی حوالدار لیاقت کی عمر 39 برس تھی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت نے پاک فوج کی چوکیوں اور شہری آبادی کونشانہ بنایا ہے جس کا موثرجواب دیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی جوابی کارروائی میں بھارتی فوج کو بھاری جانی اور مالی نقصان کی اطلاعات ہیں۔
گزشتہ روز پاک فوج نے ایل اوسی کے چکوٹھی سیکٹر میں بھارتی فوج کا ایک اور جاسوس ڈرون مار بھی گرایا تھا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی ڈرون 500 میٹر تک پاکستان کی حدود میں داخل ہوا تھا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ رواں سال پاک فوج نے یہ 11 واں بھارتی ڈرون مار گرایا ہے۔ پاک فوج نے 27 مئی کو بھی بھارتی جاسوس ڈرون کو رکھ چکری سیکٹر میں مار گرایا تھا۔