صوبائی دارالحکومت میں دس لاکھ گاڑیاں، موٹر سائیکل اور رکشہ سمیت دیگر ٹرانسپورٹ اوپن لیٹر پر چلنے کا انکشاف ہوا ہے جبکہ موٹر رجسٹریشن اتھارٹی نے اوپن لیٹر پر ٹرانسپورٹ چلانے والوں کو دس روز کی مہلت دے دی جس کے بعد انہیں سسٹم میں بلاک کرکے رجسٹریشن منسوخ کردی جائے گی۔
شہر بھر میں اوپن لیٹر پر چلنے والی گاڑیوں اور موٹر سائیکل کی وجہ سے سیف سٹی اتھارٹی کو ای چلان میں انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی موٹر رجسٹریشن اتھارٹی کے ذرائع کے مطابق اس وقت لاہور میں ساڑھے 3 لاکھ سے زائد گاڑیاں، 5 لاکھ سے زائد موٹرسائیکل اور رکشہ سمیت دیگر ٹرانسپورٹ اوپن لیٹر پر چل رہی ہیں۔ ٹرانسفر نہ کرانے سے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کو لاکھوں روپے کے ریونیو سے محروم ہونا پڑ رہا ہے۔
سوا لاکھ سے زائد گاڑیاں بینکوں اور لیزنگ کمپنیوں کے نام پر ہیں جن کی مدت پوری ہونے کے باوجود وہ شہریوں کے نام نہیں کی گئیں۔ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے ڈائریکٹر عمران اسلم نے کہا کہ محکمہ ایکسائز 10 ہزار سے زائد گاڑیاں سسٹم میں پہلے ہی بلاک کرچکا ہے ۔ دس روز کے بعد سڑکوں پر ناکے لگا کر آپریشن کریں گے اور قانون کے مطابق اوپن لیٹر والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔