ملک کےصوبوں کے مختلف اضلاع میں انسداد پولیو مہم آج سے شروع ہوگی۔
سندھ
پانچ روزہ مہم کے دوران کراچی کی 188 یونین کونسلوں میں 24لاکھ بچوں کو پولیو کی ویکسین دی جائے گی۔حکومت نے پولیو ٹیموں کی حفاظت کیلئے خصوصی اقدامات کئے ہیں اور پولیس اور رینجرز کے اہلکار ان کے ہمراہ تعینات کردئیے گئے ہیں۔
خیبرپختونخواہ
خیبرپختونخوا میں انسداد پولیو کی تین روزہ مہم آج سے شروع ہورہی ہے ۔صوبائی محکمہ صحت کے ایک ترجمان نے بتایا کہ 59 لاکھ بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلائے جائیںگے ۔پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو گھر گھر جا کر حفاظتی قطرے پلانے کیلئے 27 ہزار ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں ۔ترجمان نے بتایاکہ پولیو کے قطرے پلوانے والی ٹیموں کی حفاظت کیلئے پولیس اور دوسرے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بتیس ہزار اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
بلوچستان
بلوچستان میں کوئٹہ پشین اور قلعہ عبداﷲ میں پانچ روزہ جبکہ دیگر اضلاع میں تین روزہ انسداد پولیو مہم آج سے شروع ہورہی ہے۔
پولیو ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے صوبائی معاون راشد رزاق نے بتایاہے کہ مہم کے دوران پانچ سال کی عمر کے 25 لاکھ بچوں کو پولیو کی ویکسین دی جائے گی ۔
انہوں نے صوبے کے مذہبی رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ والدین پر زوردیں تاکہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرورپلائیں ۔