اسلام آباد: وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود کی زیرصدارت آج اجلاس ہوگا جس میں تعلیمی ادارے کھولنے کے متعلق فیصلے کا امکان ہے۔
وفاقی وزیر تعلیم نے میڈیا کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ تعلیمی اداروں کو کھلا رکھنے یہ نہ رکھنے کے فیصلہ پر آج مشاورت ہوگی۔ اجلاس میں کرونا کی تیسری لہر کے باعث کیسز میں اضافہ کا جائزہ لیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں کو مزید بند رکھنے سے متعلق حتمی فیصلہ این سی او سی کی مشاورت سے کیا جائے گا۔
فی الحال پاکستان میں11اپریل تک تعلیمی ادارے بند ہیں۔ حکومت نے دس مارچ کو تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس کے باعث گزشتہ برس 15 مارچ سے تمام تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے تھے۔
6 ماہ کی طویل بندش کے بعد تعلیمی اداروں کو 15 ستمبر کو دوبارہ کھولا گیا تاہم وبا کی دوسری لہر کے باعث انہیں 26 نومبر کو دوبارہ بند کر دیا گیا تھا۔
یکم فروری سے ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں سرگرمیاں بحال کی گئی تھیں اور حکومت نے تعلیمی اداروں میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد لازمی قرار دیا تھا۔ کورونا وائرس کی تیسری لہر کےدوران حکومت نے دس مارچ کو تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔