وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان میں ہمیں امن مخالف عناصر پر کڑی نظر رکھنا ہوگی.
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افغانستان سے متعلق پاکستان کی پوزیشن واضح ہے، پاکستان افغانستان کے لوگوں کی ترقی کا خواہاں ہے۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ ہمیں آنے والے وقتوں میں امن مخالف عناصرپرکڑی نظررکھنا ہوگی جس پر وزیراعظم نے آج قومی سلامتی کا خصوصی اجلاس بھی طلب کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا افغانستان میں کوئی فیورٹ نہیں، افغانوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خودکرنا ہے، پاکستان کی خواہش ہے کہ افغان مسئلہ بات چیت کے ذریعے حل ہو۔
انہوں نے افغان وفد کے بارے میں بتایا کہ وفد میں مختلف مکتبہ فکر کے لوگ شامل ہیں۔
وزیر خارجہ نے بتایا کہ ڈنمارک کے وزیرخارجہ سے بات ہوئی ہے، ڈنمارک کے لوگوں کا افغانستان سے محفوظ انخلا ہوچکا جبکہ پاکستان مزید پروازیں افغانستان بھیجنے کی کوشش کررہا ہے۔ افغانستان سے 380 غیر ملکی سفارتکار پاکستان پہنچ چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں افراتقری کا خاتمہ چاہتے ہیں اور لوگوں کی جان اور مال کی حفاظت ضروری ہے۔