پاکستان میں عالمی وبا کورونا سے مزید 91 افراد انتقال کرگئے اور 4 ہزار سے زائد نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 59 ہزار 943 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 4075 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 91 افراد انتقال کر گئے۔
سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 6.79 فیصد رہی۔
سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 25 ہزار 94 ہوگئی اور مجموعی کیسز 11 لاکھ 31 ہزار 659 تک جاپہنچے ہیں۔
اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 2857 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 10 لاکھ 15 ہزار 519 ہوگئی ہے جب کہ فعال کیسز کی تعداد 91046 ہے۔