حکومت مخالف اتحاد پی ڈی ایم نے حکومت کے خلاف محاذ کھول دیا۔
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ مہنگائی پر حکومت کے خلاف آج سے سڑکوں پر احتجاج کرے گی جس کے لیے (ن) لیگ نے اپنا شیڈول جاری کردیا ہے۔
لاہور میں شہباز شریف کی زیر صدارت پارٹی کا ویڈیو لنک اجلاس ہوا جس میں 20اکتوبر سے ملک گیر احتجاج کے لیے ریلیوں، جلوسوں اور مظاہروں کے پروگرام کو حتمی شکل دیکر صوبائی اور ضلعی عہدیداروں کو کال دی گئی۔
پارٹی میں مرکزی اور صوبائی عہدیداروں کے اشتراک عمل کے لیے کمیٹیاں بھی بنادی گئی ہیں۔
دوسری جانب اسلام آباد میں پی ڈی ایم کے مقامی رہنماؤں نے آج اجلاس طلب کیا ہے جس میں اسلام آباد میں احتجاج کی تاریخ اور مقام کا تعین کیا جائے گا۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم نے جعلی حکمرانوں کو گھر بھیجنے کےلیے فیصلہ کن تحریک شروع کردی ہے، حکومت کو رخصت نہ کیا تو مسائل کا حل ناممکن ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرول، ڈیزل کی قیمتیں بڑھاکر مہنگائی کا ایٹم بم چلایا گیا، ریاست مدینہ کا مذہبی کارڈ تنقید سے بچنےکےلیے استعمال کیا جارہا ہے۔