آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی بھارت کے خلاف تاریخی فتح کے بعدملکی سیاست قیادت نے قومی ٹیم کو مبارک باد دی۔
وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان کرکٹ ٹیم کو شاندار فتح پر مبارکباد دی۔ انہوں ںے ٹیم کی قیادت کرنے پر بابر اعظم کو خصوصی طور پر مبارکباد دی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ محمد رضوان اور شاہین آفریدی نے بھی شاندار کارکردگی دکھائی اور پوری قوم کو آپ پر فخر ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے بھی پاک بھارت ٹی ٹوئنٹی میچ اپنے کھلاڑیوں کے ہمراہ دیکھا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سوشل میڈیا ٹیم کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے دورہ سعودی عرب کے دوران اپنے کھلاڑیوں کے ہمراہ ٹی وی پر پاک بھارت ٹی ٹوئنٹی میچ دیکھا۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے پاکستان کی بھارت کے خلاف جیت پر قوم کو مبارکباد پیش کی۔
اس کے علاوہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے بھی پاکستان کی جیت پر ٹوئٹ کی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی پاکستان کی بھارت کیخلاف جیت پر مبارکباد پیش کی۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی قومی کرکٹ ٹیم کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ شاہینوں نے یادگار کھیل کا مظاہرہ کر کے پوری قوم کے دل جیت لیے جبکہ انہوں نے کہا کہ آئندہ میچز میں پاکستانی ٹیم کی کامیابی کیلئے دعا گو ہوں۔
اس کے علاوہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بھی پاکستان کرکٹ ٹیم کو بھارت کے خلاف شاندار فتح پر مبارکباد پیش کی۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے فتح حاصل کر کے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا جبکہ بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین آفریدی کی پرفارمنس زبردست رہی۔
جمعیت علماء اسلام (ف) اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بھی پاکستانی ٹیم کو میچ جیتنے پر مبارکباد دی۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم مبارک باد کی مستحق ہے۔
انہوں نے کہا کہ مبارکبادی دینے سے ٹیم کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے بھارت کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ میں 10 وکٹوں سے شکست دی۔