کوئٹہ: بلوچستان عوامی پارٹی کے اہم رہنماؤں نے منعقدہ اجلاس میں نئے قائد ایوان کے لیے میر عبدالقدوس بزنجو کے نام پر اتفاق کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق منعقدہ اجلاس میں اتحادیوں کے تعاون سے بننے والی نئی حکومت کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور طویل مشاورت کے بعد پارٹی کی جانب سے نئے قائد ایوان کے لیے میر عبدالقدوس بزنجو کے نام پر اتفاق ہوا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر کے لیے میر جان محمد جمالی کو پارٹی اور اتحادیوں کا مشترکہ امیدوار بنانے پر اتفاق ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ قائد ایوان اور اسپیکر کے انتخاب کے بعد کابینہ اراکین کے ناموں کا حتمی فیصلہ اتحادیوں کی مشاورت سے کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ جام کمال کے استعفیٰ کے بعد صوبائی اسمبلی کے اسپیکر میر عبدالقدوس بزنجو بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) کی جانب سے بلوچستان کی وزارت اعلیٰ کے نئے امیدوار کے طور پر سامنے آئے ہیں۔
میر عبدالقدوس بزنجو نے اسپیکر بلوچستان اسمبلی کے عہدے سے اپنا استعفیٰ دے دیا ہے اور اب وہ صوبے میں حکمراں جماعت کی جانب سے وزارت اعلیٰ کے امیدوار ہوں گے۔
پی ٹی آئی نے وزارت اعلیٰ کے لیے یار محمد رند کو نامزد کردیا
اکستان تحریک انصاف بلوچستان کے پارلیمانی سربراہ سردار یار محمد رند کی صدارت میں پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔
ذرائع کے مطابق منعقدہ اجلاس میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر میر نصیب اللہ مری، ایم پی اے میر نعمت زہری، ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر موسیٰ خیل، ایم پی اے میر عمر خان جمالی، ایم پی اے، فریدہ رند اور مبین خلجی نے شرکت کی۔
اجلاس میں صوبے کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں اتحادی جماعتوں سے رابطے کے لیے دو رکنی کمیٹی قائم کی گئی۔ کمیٹی میں ایم پی اے میر نعمت زہری اور ایم پی اے میر عمر جمالی شامل ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں متفقہ طور پرفیصلہ کیا گیا کہ سردار یار محمد رند وزیر اعلی اور سردار بابر موسیٰ خیل اسپیکر کے منصب کے لیے امیدوار ہوں گے۔