عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے خبردار کیا ہے کہ ڈیلٹا اور اومی کرون کی قسمیں کورونا کیسز کا سونامی لانے والی ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے بدھ کے روز کہا کہ وہ کوویڈ-19 کے اومائیکرون اور ڈیلٹا کی مختلف قسموں سے متعلق پریشانی کا شکار ہیں کیونکہ دونوں مشترکہ طور پر کورونا کیسز کا سونامی لانے کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
انہوں نے امید ظاہرکی کہ دنیا 2022 میں اس وبا کی بدترین صورتحال کو پس پشت ڈال دے گی۔
عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ اومی کرون کے پھیلاو کی رفتار بہت زیادہ ہے، ڈبلیو ایچ او کے مطابق اومی کرون کے پھیلاو کو روکنے کے لیے چین اور جرمنی نے دوبارہ سخت پابندیاں لگائی ہیں، کم شدت کے باوجود اومی کرون نظام صحت کو متاثر کر سکتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اومیکرون کی قسم ڈیلٹا ویرئنٹ سے ہلکی ہے، جس میں متاثرہ افراد کے اسپتال میں جانے کے امکانات 30 سے 70 فیصد کم ہیں۔
لیکن یہ خدشہ بدستور موجود ہے کہ انتہائی تیزی سے پھیلنے والی قسم سے کیسز اس قدر بڑھ رہے ہیں کہ اسپتالوں کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔