میلبرن: اسپین کے ٹینس اسٹار رافیل نڈال نے نئی تاریخ رقم کردی ہے۔ انہوں نے آسٹریلین اوپن چیمپیئن شپ میں فتح حاصل کر کے 21 واں گرینڈ سلیم ٹائٹل جیت لیا ہے۔
آسٹریلین اوپن کے فائنل میں نڈال نے ایک مرتبہ پھر ایک دہائی قبل کھیلے گئے ومبلڈن اوپن کے فائنل کی یاد تازہ کی جہاں انہوں نے ابتدائی دو سیٹ ہارنے کے بعد انتہائی شاندار انداز میں کم بیک کیا اور اپنے مخالف کو لگا تار تین سیٹ میں شکست سے دوچار کیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق میلبرن میں کھیلے گئے فائنل میں ڈینیئل میڈویدیو نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے پہلا سیٹ 2-6 سے اپنے نام کر کے ایک سیٹ کی برتری حاصل کر لی تھی۔
دوسرے سیٹ میں نڈال نے بھرپور مزاحمت کی لیکن اس کے باوجود میڈویدیو نے اپنے اعصاب قابو میں رکھتے ہوئے 6-7 سے کامیابی سمیٹ لی اور یوں برتری 0-2 کی ہو گئی۔
ایک ایسے وقت میں جب کہ فائنل یکطرفہ دکھائی دینے لگا تھا نڈال نے تجربے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے شاندار انداز میں کم بیک کیا اور تیسرا سیٹ 4-6 سے اپنے نام کر لیا۔
نڈال نے اس کے بعد اگلے سیٹ میں بھی 4-6 سے کامیابی سمیٹ کر مقابلہ 2-2 سیٹ سے برابر کردیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق 5 گھنٹے 24 منٹ تک جاری رہنے والے اس فائنل کے آخری سیٹ میں بھی دونوں حریفوں میں شاندار مقابلہ دیکھنے کو ملا لیکن نڈال نے لگاتار تیسرا سیٹ جیت کر میچ میں کامیابی حاصل کر لی۔
یہ آسٹریلین اوپن کی تاریخ کا دوسرا طویل ترین فائنل تھا جہاں اس سے قبل 2012 میں طویل ترین فائنل نڈال اور نوواک جوکووچ کے درمیان ہوا تھا جو 5 گھنٹے 53 منٹ تک جاری رہا تھا۔ اس میچ میں جوکووچ نے کامیابی حاصل کی تھی۔
اس فتح کے ساتھ ہی نڈال نے 21 واں گرینڈ سلیم ٹائٹل جیت کر سب سے زیادہ گرینڈ سلیم جیتنے والے مرد کھلاڑی بن گئے ہیں۔ واضح رہے کہ ان سے قبل راجرر فیڈرر اور جوکووچ 20/ 20 مرتبہ گرینڈ سلیم جیت چکے ہیں۔