کراچی سندھ ہائی کورٹ نے بھی سینئر صحافی محسن بیگ کی ایک اور مقدمے میں ضمانت منظور کر لی۔
سندھ ہائی کورٹ میں اسلام آباد سے گرفتار سینئر صحافی و تجزیہ کار محسن بیگ کے خلاف کراچی میں درج مقدمہ کو ختم کرنے کی درخواست کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے گرفتار صحافی محسن بیگ کی ضمانت منظور کرتے ہوئے ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ملزم جیل میں ہے تو آپ نے اسی دن کراچی میں مقدمہ کیسے درج کر لیا ؟
محسن بیگ کے وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ مقدمے میں کہیں بھی محسن بیگ کا نام نہیں ہے۔ وکیل صفائی نے کہا کہ محسن بیگ کے خلاف مقدمہ عمران خان اور مراد سعید کی ایما پر بنایا گیا۔
ایف آئی اے نے تحریری جواب سندھ ہائی کورٹ میں جمع کروایا اور محسن بیگ کی منی لانڈرنگ کے الزامات میں گرفتاری ڈال دی۔
اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ محسن بیگ کو کراچی میں درج مقدمے میں بھی گرفتار کیا گیا۔ ان کے خلاف سیشن عدالت میں عبوری چالان بھی جمع کرا دیا۔