اسلام آباد پاکستان پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں ضمنی الیکشن میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس ضمن میں پی پی امیدواروں کو اعتماد میں لے لیا گیا ہے۔
چیئرمین بلاول بھٹو کی زیرصدارت پیپلزپارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، نیئربخاری و دیگر رہنما شریک ہوئے۔
اجلاس میں پیپلز پارٹی کے ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا گیا اور اس ضمن میں پی پی امیدواروں کو اعتماد میں لیاگیا، قومی اسمبلی کی 64 نشستوں پر 16 اور 19 مارچ کو ضمنی انتخابات ہونے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اورپی ڈی ایم کی دوسری جماعتیں پہلے ہی ان انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کر چکی ہیں لیکن پیپلز پارٹی نے اس موقف سے اختلاف کرتے ہوئے مختلف حلقوں میں اپنی انتخابی مہم بھی شروع کر رکھی تھی۔
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کا موقف تھا کہ مختصر مدت کے ان انتخابات میں حصہ لینا فنڈز، توانائی اور وقت کا ضیاع ہے اور اب مولانا فضل الرحمن اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی کوششوں کے بعد پی ڈی ایم کی تمام جماعتیں ایک پیج پر آگئی ہیں، اب وہ انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے۔