کراچی: پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے اعلان کیا ہے کہ صرف پنجاب میں انتخابات کے خلاف اور ملک بھر میں ایک ہی دن عام انتخابات کے انعقاد کے لیے صوبے میں کل احتجاج کیا جائے گا۔
پی پی پی کے صوبائی صدر نثار کھوڑو نے انتخابات کے حوالے سے بیان میں کہا کہ پیپلز پارٹی 25 اپریل (منگل) کو سندھ کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں مظاہرے کر کے بھرپور انداز میں اپنا احتجاج ریکارڈ کروائے گی۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کو ایک ہی دن انتخابات کے علاوہ الگ الگ انتخابات کا فیصلہ قبول نہیں ہے، الیکشن ایکٹ کی شق 69 کے تحت ملک بھر میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ہی دن کروائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ نے پاکستان بنایا اور سندھ ملک کو مزید دو حصوں میں تقسیم نہیں ہونے دے گا۔
پی پی پی کے صوبائی صدر نے کراچی سے جاری اپنے بیان میں کہا کہ انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کا اختیار ہے، لہٰذا انتخابات کا فیصلہ الیکشن کمیشن کو کرنے دیا جائے۔