وزیراطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ عمران خان کو وزیراعظم بنانے کے لیے جبری شمولیتیں کرائی گئیں، دنیا کی کوئی طاقت آپ کو کلین چٹ نہیں دے سکتی، عمران خان کے لیے 190 ملین پاونڈ اسکینڈل ہی کافی ہے، عمران خان شوکت خانم کے چندے کا حساب دیں۔
کراچی میں پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل مین نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو نے آزاد کشمیر جا کر اظہار یکجہتی کیا، بلاول بھٹو نے قانون ساز اسمبلی سے خطاب بھی کیا، ان کے دور میں پاکستان کو بہت کامیابیاں ملیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ سفارتی محاذ پر کامیابی کا سہرا بلاول بھٹو کے سر ہے، ہم کبھی بھی کشمیر کے مسئلے پر غلطی نہیں کرسکتے، عمران خان کی حکومت نے کشمیر پر سمجھوتا کیا، ان کی غلطیوں کا خمیازہ کشمیری عوام کو بھگتنا پڑا، بلاول بھٹو نے پوری دنیا میں کشمیر کاز کو اجاگر کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت عوام کے لیے مزید بس سروسز شروع کررہی ہے، سندھ میں ٹیکسی سروس بھی شروع کرنے جارہے ہیں۔
وزیراطلاعات سندھ نے کہا کہ ہم نے 2018 میں جبری شمولیتیں دیکھیں، عمران خان کو وزیراعظم بنانے کے لیے جبری شمولیتیں کروائی گئیں، 2018 میں کنٹینر اور جہاز بھر بھر کر لوگوں کو لایا گیا، لوگوں کو آپ کا جبری اتحادی بنایا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے شہادتوں کے باوجود سیاست نہیں چھوڑی، آپ جبری شمولیتوں سے لیڈر بنے تھے، آپ نہ لیڈر تھے اور نہ ہی آپ میں لیڈر والی کوئی کوالٹی ہے، عمران خان اپنی ذات سے محدود ہیں، آپ کی کرپشن کی داستانیں کھل رہی ہیں۔
شرجیل میمن نے شوکت خانم اسپتال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں کینسر کا مفت علاج کیا جارہا ہے، عمران خان صرف فراڈ کررہے ہیں، جاوید میانداد بھی تصدیق کرچکے ہیں، ہم الزام نہیں لگارہے، پوری دنیا کو پتہ ہے آپ کیا کررہے ہو۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے دنیا میں پاکستان کو بدنام کیا، القادر ٹرسٹ ہی آپ کی سزا کے لیے کافی ہے، دنیا کی کوئی طاقت آپ کو کلین چٹ نہیں دے سکتی، بینک رسید نکالی جائے، پیسے کہاں سے آئے اور کس نے دیے، کیسز کے حقائق میڈیا پر آئیں گے تو لوگوں کو آپ کا پتہ چل جائے گا، عدالت کا سب کو احترام کرنا چاہیئے، ہم بھی کرتے ہیں۔