اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے آئندہ بجٹ میں غریب طبقات کے لیے سبسڈیز جاری رکھنے کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق آئندہ بجٹ میں ریلیف دینے کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف متحرک ہیں ، شہباز شریف نے غریب طبقات کے لیے سبسڈیز جاری رکھنے کی منظوری دے دی۔
ذرائع نے بتایا کہ آئندہ بجٹ میں 1300 ارب روپے سے زائد کی سبسڈیز دینے کی تجویز دی گئی ہے۔ توانائی کے شعبے کےلیے 975 ارب روپے کی سبسڈیز اور پیٹرولیم سیکٹر کیلئے53.6 ارب روپے کی سبسڈی کی تجویز زیر غور ہے۔
دستاویز میں بتایا گیا کہ گھریلو صارفین کوآر ایل این جی فراہم کرنے کے لیے 30 ارب روپے، اٹک پٹرولیم لمیٹڈ کے لیے 7.6 ارب روپے کی سبسڈی کی تجویز سامنے آئی ہے۔
دستاویز میں کہنا ہے کہ بجٹ میں پاک عرب پائپ لائن کیلئے5 ارب روپے ، پی ایس او پرائس ڈیفرنشل کلیم کیلئے11 ارب روپے ، نیاپاکستان ہاؤسنگ کے لیے 50 کروڑ روپے اور نیا پاکستان ہاؤسنگ میں سودکی ادائیگی میں رعایت دینے پر 1 ارب روپے کی سبسڈی تجویز دی گئی ہے۔
دستاویز کے مطابق اسلام آباد میٹرو بس سروس کے لیے 2 ارب روپے ، میرا گھر میرا پاکستان کے لیے 12.2 ارب روپے ،ری فنانسنگ کے لیے 5.7 ارب روپے اور سیلاب سے متاثرہ کسانوں کےقرض معافی کیلئے7ارب روپےکی سبسڈی کی تجویز پر غور کیا جارہا ہے۔
اس کے علاوہ سیلاب سے متاثرہ افراد کوزرعی زمین دینےکیلئے1.3ارب روپے، زرعی شعبے میں رسک کے لیے 6.4 ارب روپے، غذائی تحفظ کیلئے55.5 ارب روپے اور یوٹیلٹی اسٹورز سے سستی اشیا فراہم کرنے کیلئے30 ارب روپے کی سبسڈی تجویز سامنے آئی ہے۔
گلگت بلتستان کو گندم کی فراہمی کیلئے10.5 ارب روپے ، بجٹ میں رمضان ریلیف کے لیے 5 ارب روپے اور گندم کی فراہمی کیلئے پاسکو کو 10 ارب روپے کی سبسڈی دینے کی تجویز دی ہے۔
Comments