سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی 69 ویں سالگرہ ہفتہ 21 جون کو منائی جائے گی اس حوالے سے صوبائی اور ضلعی دفاتر میں سالگرہ تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔
سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو شہید کی 69 ویں سالگرہ ہفتہ 21 جون کو ملک بھر میں منائی جائے گی اس حوالے سے پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل نیئر بخاری نے سالگرہ تقریبات کے حوالے سے اعلان کر دیا ہے۔
پیپلز پارٹی نے بینظیربھٹو کی سالگرہ کی تقریبات ملک بھر میں صوبائی اور ضلعی ہیڈ کوارٹرز سطح پر منانے کا اعلان کیا ہے۔
نیئر بخاری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی کے تمام صوبائی دفاتر اور ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں شہید بینظیر بھٹو کی سالگرہ کی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جہاں سالگرہ کے کیک کاٹے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں آج جو جمہوری نظام رائج ہے وہ بینظیر بھٹو شہید کی جدوجہد کا ثمر ہے۔
واضح رہے کہ بے نظیر بھٹو 21 جون 1953 میں بھٹو خاندان میں پیدا ہوئیں وہ سابق وزیراعظم اور بانی پیپلز پارٹی کی پہلی اولاد تھیں۔
بینظیر بھٹو دو مرتبہ ملک کی وزیراعظم منتخب ہوئیں اور انہیں اسلامی ممالک کی پہلی خاتون وزیراعظم ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔
سابق وزیر اعظم کو 27 دسمبر 2007 کو لیاقت باغ میں اس وقت شہید کیا گیا جب وہ لیاقت باغ سے جلسہ کرنے کے بعد واپس جا رہی تھیں۔