اسلام آباد: سپریم کورٹ میں سویلینز کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت آج ہوگی، درخواستیں سابق چیف جسٹس جواد ایس خواجہ، بیرسٹر اعتزاز احسن، کرامت علی اور چیئرمین پی ٹی آئی نے دائر کی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے خلاف درخواستوں کی سماعت آج سپریم کورٹ میں ہوگی، چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں نو رکنی لارجر بینچ دن 12 بجے سماعت کرے گا۔
نو رکنی لارجر بینچ میں نامزد چیف جسٹس قاضی فائز عیسی بھی شامل ہیں ، 14 اپریل کے بعد جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کسی بینچ کا حصہ نہیں رہے۔
بینچ میں جسٹس سردار طارق مسعود، جسٹس اعجاز الاحسن، منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر ،جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس مظاہر نقوی اور جسٹس عائشہ ملک بھی شامل ہیں۔
سابق چیف جسٹس جواد ایس خواجہ، بیرسٹر اعتزاز احسن، کرامت علی اور چیئرمین پی ٹی آئی نے درخواستیں دائر کر رکھی ہے، جس میں فوجی عدالتوں میں سویلین کے ٹرائل کو غیر آئینی قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست گزار اعتزاز احسن نے 20 جون کو چیف جسٹس سے چیمبر میں ملاقات بھی کی تھی، جس میں اعتزاز احسن نے چیف جسٹس سے اپنے مقدمات جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا کی تھی۔
درخواست گزاروں نے فوجی عدالتوں میں سویلین کے ٹرائل کو غیر آئینی قرار دینے کی استدعا کر رکھی ہے۔