لاہور: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ہیلتھ کارڈ بالکل بند نہیں ہورہے اور کسی غریب کا علاج بند نہیں ہورہا۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے رات گئے لاہور میں اکبرچوک فلائی اوور منصوبے کا دورہ کیا اورکام کی رفتار کا جائزہ لیا۔
لاہور اکبر چوک فلائی اوور منصوبے کے دورے پر میڈیا سے گفتگو کے دوران محسن نقوی نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ کا غلط استعمال بند کیا ہے، دل کے آپریشن بالکل بند نہیں کیے، صرف نجی اسپتال میں دل کے آپریشن پر 30 فیصد ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ بالکل بند نہیں ہورہے،کسی غریب کا علاج بند نہیں ہورہا، امید ہے جو ٹارگٹ رکھا ہوا ہے یہ منصوبہ اس پر مکمل ہوگا۔
جرائم کی شرح پر بات کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ جرائم کی شرح کم ہوئی لیکن جس طرح کم ہونی چاہیے تھی اس طرح کم نہیں ہوئی۔
ایک سوال کے جواب پر انہوں نے کہا کہ کلمہ چوک انڈرپاس میں بارش کا پانی جمع ہونے کی رپورٹ ملنے پرذمہ داران کے خلاف کارروائی ہوگی۔
اس سے قبل نگران وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا تھا کہ صحت سہولت کارڈ کا نام بدلتا رہا، لوگ اس کارڈ پر ارب پتی بن گئے اور اتنے اسٹنٹ ڈالے گئے کہ ملک سے اسٹنٹ ختم ہوگئے۔