توشہ خانہ کیس میں عدالت نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔
توشہ خانہ کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے کی، چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹرگوہر اور الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز عدالت میں پیش ہوئے۔
وکیل بیرسٹر گوہرنے عدالت سے استدعا کی کہ وکیل خواجہ حارث مصروف ہیں سماعت ملتوی کی جائے جس پر امجد پرویز ایڈوکیٹ نے مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اس کیس میں چار وکیل ہیں، یہ صرف ٹائم ضائع کررہے ہیں۔
امجد پرویز ایڈوکیٹ نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلاء تاخیری حربے استعمال کررہے، وکلاء کی نیت ہی دلائل دینے کی نہیں، خواجہ حارث کی کوئی عدالتی مصروفیات نہیں۔
وکیل بیرسٹر گوہر نے عدالت کو بتایا کہ اس کیس میں سینئر کونسل حواجہ حارث ہیں۔ بعد ازاں عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظورکرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کر دی۔
سیشن جج نے کل خواجہ حارث کو عدالت پیش ہونے کی دوبارہ ہدایات جاری کی ہے۔
واضح رہے کہ توشہ خانہ فوجداری کیس میں گزشتہ روز بھی عمران خان عدالت میں پیش نہیں ہوئے تھے جس پر کورٹ نے انہیں آج ذاتی حیثیت میں طلب کر رکھا تھا۔
دوسری جانب چئیرمین پی ٹی آئی نے توشہ خانہ ٹرائل کورٹ منتقل کرنے کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا، عدالت عظمیٰ نے درخواست سماعت کے لئے مقرر کردی۔