پشاور کے علاقے صدر میں کالا باڑی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دھماکے سے متعدد دکانوں کو نقصان پہنچا جب کہ کئی گاڑیاں بھی تباہ ہوگئی ہیں۔ واقع کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے جب کہ پولیس، ریسکیو اہلکار اور بم ڈسپوزل اسکواڈ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔
دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں دو خواتین بھی شامل ہیں، دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی شناخت ابراہیم ولد بدی گل، محمد فاروق ولد دین محمد، رحمت گل ولد بادام، عمیر ولد پرویز، مختیارہ بی بی ولد جمیل اور رابعہ ولد فرانسس کے نام سے ہوئی ہے۔ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو ایل آر ایچ منتقل کیا گیا جب کہ تین کو کینٹ جنرل اسپتال سے ریفر کیا گیا ہے۔ تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق گاڑی کے قریب دھماکا ہوا ہے جب کہ دھماکے میں بارودی مواد استعمال ہواہے۔ ایس پی کینٹ وسیم ریاض کے مطابق دھماکے کی نوعیت کے بارے میں ابھی کچھ نہیں بتا سکتے تاہم بی ڈی یو ٹیم شواہد اکھٹے کررہی ہے۔
جائے وقوعہ پر میڈیا سے گفتگو کے دوران سی سی پی او پشاور قاضی جمیل کا کہنا تھا کہ دھماکے میں سفید رنگ کی گاڑی استعمال کی گئی جس میں 8سے 10 کلو دھماکا خیز مواد رکھا گیا تھا۔ صدر میں لگے کیمروں کی وڈیو دیکھیں گے وہ گاڑی کہاں سے آئی اور اسے وہاں تک کون لایا۔