نگراں وفاقی کابینہ 10 سے 15 ارکان پر مشتمل ہوگی اور آج حلف اٹھائے گی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نگراں کابینہ سے حلف لیں گے۔
نگراں وفاقی کابینہ 10 سے 15 افراد پر مشتمل ہوگی جن کی تقریب حلف برداری آج شام 5 بجے ایوان صدر میں منعقد ہوگی، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نگراں کابینہ کے اراکین سے حلف لیں گے۔ کس کس کو کیا وزارت ملے گی اس حوالے سے بھی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سابق سیکریٹری فنانس وقار مسعود کو وزارت خزانہ جب کہ سرفراز بگٹی کو وزارت داخلہ دیے جانے کا امکان ہے۔
سید محمد علی کو نگراں وزیر اطلاعات ونشریات، ڈاکٹر گوہر اعجاز کو وزیر تجارت وصنعت بنائے جانے کا امکان ہے جب کہ وزارت اطلاعات کے لیے سابق ترجمان بلوچستان حکومت فرح عظیم شاہ کے نام پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
نگراں کابینہ میں انیق احمد کو وزارت مذہبی امور اور تابش گوہر کو وزیر توانائی کے قلمدان دیے جانے کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ معروف سماجی رہنما ڈاکٹر امجد ثاقب کو بھی نگراں کابینہ میں اہم قلمدان دیے جانے کا امکان ہے۔ سابق چیئرمین ایس ای سی پی محمد علی گھمن بھی نگراں کابینہ میں شامل ہوسکتے ہیں جبکہ الماس حیدر، عمر سیف، شمشاد اختر، مظفر رانجھا کو بھی کابینہ کا حصہ بنایا جا سکتا ہے۔