انٹرنیشنل کرکٹ کونسل آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے آٹھویں میچ میں پاکستان نے سری لنکا کے خلاف عبداللہ شفیق اور محمد رضوان کی شاندار سنچریوں کی بدولت ورلڈکپ کی تاریخ میں سب سے بڑا رن چیز ( ہدف کا تعاقب) مکمل کر کے تاریخ رقم کر دی۔
پاکستان نے سری لنکا کا 345 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کےنقصان پر 49 ویں اوور میں پورا کیا، عبداللہ شفیق نے 113 رنز بنائے جبکہ محمد رضوان 131 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
سری لنکا کے خلاف345 رنز کے ہدف کا کامیابی سے تعاقب ورلڈکپ کی تاریخ میں کسی بھی ٹیم کی جانب سے سب سے بڑا رن چیز ہے۔
اس سے قبل 2011 کے ورلڈکپ میں آئرلینڈ نے انگلینڈ کے خلاف 329 رنز کا ہدف کامیابی سے حاصل کیا تھا۔
پاکستان نے ورلڈکپ میں پہلی بار 263 رنز سے بڑا ہدف کامیابی سے حاصل کیا
سری لنکا کے خلاف 345 رنز کا ہدف حاصل کرنے سے قبل 1992 کے ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف 263 کا ہدف عبور کیا تھا۔
واضح رہے کہ منگل کو ورلڈکپ کا آٹھواں میچ راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم حیدرآباد میں کھیلا گیا جہاں لنکن کپتان داسن شناکا نے کپتان بابر اعظم کو فیلڈنگ کی دعوت دی۔
قومی ٹیم میں آج ایک تبدیلی کی گئی، اوپنر فخر زمان کی جگہ ٹیم میں عبداللہ شفیق کو شامل کیا گیا۔
سری لنکا ورلڈکپ میں پاکستان کیخلاف سب سے بڑا ٹوٹل کرنے والی ٹیم بن گئی
سری لنکا نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 344 رنز بنائے، کوشال مینڈس 122 اور سمارا وکرما 108 رنز بناکر نمایاں رہے۔
ورلڈ کپ کے میچ میں پاکستان کے خلاف یہ کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑا اسکور ہے، اس سے قبل پاکستان کے خلاف ورلڈکپ میں سب سے بڑا اسکور 336 رنز تھا جو بھارت نے 2019 میں بنایا تھا۔