ورلڈ کپ 2023 کے دسویں میچ میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقا مد مقابل ہیں جہاں کینگروز نے ٹاس جیت کر پروٹیز کو بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان یہ اہم میچ بھارتی شہر لکھنو کے بھارت رتن شری اٹل بہاری واجپائی ایکانا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے جہاں آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کے خلاف فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
واضح رہے کہ میگا ایونٹ کے گزشتہ میچ میں آسٹریلیا کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جہاں بھارت نے لوکیش راہل اور ویرات کوہلی کی شاندار بیٹنگ کے ساتھ ساتھ باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ کی بدولت کینگروز کو شکست دے کر ورلڈ کپ میں پہلی کامیابی حاصل کر لی تھی۔
جنوبی افریقہ نے اپنے گزشتہ میچ میں ورلڈ کپ کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور 428 رنز بنانے کے بعد سری لنکا کو 45 ویں اوور میں 326 رنز پر آؤٹ کرکے میچ 102 رنز سے جیت لیا تھا۔