دبئی پاکستان مسلم لیگ کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف پاکستان واپسی کے لئے دبئی ایئر پورٹ پہنچ چکے ہیں اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہم 28 مئی والے ہیں، 9 مئی والے نہیں۔
نوازشریف نے دبئی ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 4 سال بعد آج پاکستان جا رہا ہوں، خوشی محسوس کر رہا ہوں، بہت اچھا ہوتا 2017 کے مقابلے میں حالات بہتر ہوتے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ آج 2017 کے مقابلے میں ملک کے حالات بہتر نہیں ہیں، پاکستان آگے بڑھنے کے بجائے پیچھے چلا گیا ہے، لوگوں کے حالات بہت پریشان کن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امید کی کرن ہے، ہاتھ سے نہیں جانے دیا جائے، ہم اس قابل ہیں کہ حالات کو ٹھیک کیاجاسکے، یہ بات درست ہے حالات بگاڑے بھی ہم نے ہی ہیں اور ٹھیک بھی ہم کرینگے۔
نوازشریف نے کہا کہ پاکستان آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ چکا تھا، پاکستان میں روٹی 4 روپے کی ملتی تھی، غریب کابچہ بھی اسکول جاتا تھا۔ پاکستان میں علاج کی سہولت اور دوائیاں مفت تھیں۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ کیا آپ کو آج وہ پہلے والا پاکستان نظر آتا ہے، افسوس کی بات ہے کہ نوبت یہاں تک کیوں آئی، ہمیں آج دنیا کی بلند ترین قوموں میں شامل ہونا چاہیے تھا۔
نوازشریف کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن مجاز ادارہ ہے، انتخابات کی تاریخ کا اعلان وہی کریگا، میری ترجیح وہی ہے جو الیکشن کمیشن فیصلہ کریگا۔ انہوں نے کہا کہ سینسز ہوئے ہیں، الیکشن کیلئے بالکل تیار ہیں۔