استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے صدر علیم خان کا کہنا ہے کہ ہماری حکومت آئی تو پیٹرول 140 روپے فی لیٹر ملے گا۔
حافظ آباد میں پارٹی کنونشن سے خطاب میں علیم خان نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عثمان بزدار نااہل تھا اس سے متعلق کہا جاتا تھا کہ وہ تبدیلی کا نشان ہیں، وہ اپنے علاقے میں بیٹھا آرام کر رہا ہے، آج عثمان بزدار ریسٹ ہاؤس میں ہے اور جو تعریفیں کرتا تھا وہ جیل میں ہے۔
علیم خان نے کہا کہ یہ لوگ اندر سے کچھ اور باہر سے کچھ اور ہیں، کرپشن اور مہنگائی ان کے دور میں ہوئی غریب تباہ ہوتا چلا گیا، 2018 میں پیٹرول کی قیمت 95 روپے تھی اور آج 290 روپے ہے، بجلی کی قیمت فی یونٹ 11 روپے تھی اور آج 60 روپے ہے، چینی 52 روپے فی کلو تھی اور آج 225 روپے ہے، آٹا 37 روپے تھا اور آج 200 روپے فی کلو ہے۔
صدر آئی پی پی نے کہا کہ یہ فرق 5 سال رہنے والے حکمرانوں نے کیا ہے، جن لوگوں نے مہنگائی کی ہے کیا ان کو ووٹ دینا چاہیے؟ جب یہ لوگ ووٹ مانگیں تو ان سے کہنا مہنگائی آپ نے کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی پی پی مزدور کی تنخواہ کم از کم 50 ہزار مقرر کرے گی، ہمارے دور میں 295 روپے والا پیٹرول 140 روپے میں ملے گا، غریبوں کیلیے نئی فیکٹریاں لگائی جائیں گی، ہنرمند نوجوان کو قرض دیا جائے گا تاکہ وہ اپنا کام کر سکیں۔