پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے چئیرمین پی ٹی آئی کا انتخاب سلیکشن قرار دے دیا۔
ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ پی ٹی آئی میں ایک بار پھر سلیکشن کا عمل صرف 15 منٹ میں مکمل ہوا لیکن پریس ریلیز ڈیڑھ گھنٹہ روک کرعوام اور الیکشن کمیشن کی آنکھوں میں مٹی ڈالنے کی کوشش کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ نامعلوم اور خفیہ مقام پر یہ کیسا الیکشن تھا جس کا نہ کوئی تجویز کنندہ اورنہ تائید کنندہ تھا، جب کہ اس انٹرا پارٹی الیکشن میں ووٹرز، ووٹر لسٹ، پرائیذائیڈنگ افسر اور الیکشن پراسیس بھی نہیں تھا۔
ترجمان ن لیگ کا کہنا تھا کہ رہنماﺅں اور کارکنوں کے خوف سے انہیں الیکشن پراسیس سے ہی باہر کردیا گیا، آر ٹی ایس بٹھا کر اقتدار میں آنے والوں کی عادت نہیں بدلی، اپنے اعمال اور کرتوت تو ٹھیک کرنے نہیں مگراب یہ الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر کو دھمکیاں و گالیاں دیں گے۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے آج ہونے والے انٹرا پارٹی انتخابات میں عمران خان کے نامزد امیدوار بیرسٹر گوہر بلا مقابلہ پی ٹی آئی کے چیئرمین منتخب ہوگئے۔