پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ن لیگ پر فیصلہ چھوڑتے تو 8 فروری کو الیکشن نہ ہوتے، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے 8 فروری کو الیکشن کا فیصلہ دے دیا، قائدعوام نے ہمیں آئین اور ایٹم بم کا تحفہ دیا
ہم آئین کے بانی کو انصاف دلوائیں گے، عدالت قتل کا فیصلہ دے کر اپناعدالتی ریکارڈ درست کرے، الیکشن میں پیپلز پارٹی کا کوئی سیاسی مخالف نہیں، ہمارا مہنگائی سے مقابلہ ہے۔
گوجرانوالہ میں پیپلزپارٹی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بھی 10 ورکرز کنونشن کیے ہیں، آصف زرداری نے 12 سال قبل ریفرنس بھیجا تھا، آج سپریم کورٹ میں بھٹو ریفرنس کی سماعت ہوئی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ قائدعوام نے ہمیں آئین اور ایٹم بم کا تحفہ دیا، قائد عوام نے مزدوروں کو حقوق دیے، قائدعوام کوایک آمر نے قتل کروایا، ہماری جوڈیشری کو تاریخ درست کرنے کا موقع ملا ہے، ذوالفقار علی بھٹو بے قصور تھے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ عوام نے بینظیر بھٹو شہید کا استقبال کرکے اپنی رائے دی تھی، عوام نے بی بی شہید کو مسلم امہ کی پہلی خاتون وزیراعظم بنایا، عدالت قتل کا فیصلہ دے کر اپنا عدالتی ریکارڈ درست کرے، ہم چاہتے ہیں کہ تاریخ کو درست کیا جائے، ہم آئین کے بانی کو انصاف دلوائیں گے، مسلسل جدوجہد سے ذوالفقار علی بھٹو کو انصاف ملنے والا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے ذوالفقار بھٹو کے نامکمل مشن کو بھی مکمل کرنا ہے، قائد عوام نے روٹی، کپڑا اور مکان نعرہ دیا تھا، آج ملکی مسائل کا حل بھٹو کے نعرے میں ہے۔