اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے سارہ انعام قتل کیس میں ملزم شاہ نواز کو سزائے موت اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔
سارہ انعام قتل کیس کا فیصلہ سیشن جج ناصر جاوید رانا نے سنایا اور ملزمہ ثمینہ شاہ کو عدم ثبوت کی بنا پر بری کر دیا۔
واضح رہے کہ معروف صحافی کی بہو سارہ کو ان کے بیٹے شاہنوازامیر نے 23 ستمبر 2022 کی شب لڑائی جھگڑے کے بعد چک شہزاد کے ایک فارم ہاؤس میں مبینہ طور پر قتل کردیا تھا۔
کینیڈا کی شہریت رکھنے والی 37 سالہ سارہ قتل کیے جانے سے 3 روز قبل ہی دبئی سے پاکستان پہنچی تھیں جہاں وہ ملازمت کرتی تھیں۔
شاہنواز امیر اور سارہ کی شادی واقعے سے چند ماہ قبل ہی ہوئی تھی،دونوں کی دوستی سوشل میڈیا کے ذریعے ہوئی تھی، مدعی وکیل راؤ عبد الرحیم نے عدالت کے سامنے جائے وقوعہ کے تصاویری شواہد پیش کرتے ہوئے ملزم کی سزائے موت کی استدعا کررکھی تھی، اس کیس کا فیصلہ نو دسمبر کو محفوظ کیا گیا تھا۔