سینئر سیاست دان جاوید ہاشمی نے بطور آزاد امیدوار انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کردیا۔
پاک الرٹز نیوز کے مطابق بزرگ سیاست دان جاوید ہاشمی کا کہنا ہے کہ یہ انتخابات نہیں اس کے نام پر مذاق ہے، یہ یکطرفہ انتخابات ہیں مگر ہمیں آگے کے لیے جدوجہد کرنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کا رکن ہوں لیکن کسی سے ٹکٹ نہیں لوں گا۔
جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ میں بطور آزاد امیدوار انتخابات میں حصہ لوں گا، 2018 کے الیکشن میں بلا مقابلہ رکن قومی اسمبلی بن گیا تھا، سب امیدواروں کے کاغذات ریجیکٹ ہو گئے تھے، میں شکوے نہیں کرتا میں جنگ لڑتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ این اے 149 کے لوگوں کو کہتا ہوں کہ میں نے دوبارہ یہ جمہوریت کی جھولی پھیلا دی ہے۔
سینئر سیاستدان کا کہنا تھا کہ ملک کی جو سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے ان کے راستے میں آپ رکاوٹیں کھڑی کررہے ہیں، ان کی قیادت اور کارکنوں کو جیلوں میں ڈالا ہوا ہے، ان کے کاغذات آپ لے نہیں رہے، یہ یکطرفہ الیکشن ہوگا، لیکن ہم نے اس سے آگے کی جدوجہد کرنی ہے۔
جاوید ہاشمی کا مزید کہنا تھا کہ میرا کسی سے مقابلہ نہیں، ان کے پاس وسائل ہیں، میرے اللہ کی ذات ہے یا این اے 149کے عوام ہیں۔