تلہ گنگ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ ہمارے حکمرانوں کو کرپشن کے علاوہ اور کوئی کام نہیں آتا۔
جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ مزید باریوں کے طلب گار سابقہ کارکردگی کا حساب دیں کیونکہ خاندانی بادشاہتوں کا دور ختم ہو چکا اور اب آقا غلام کی تقسیم نہیں چلے گی۔
سراج الحق نے کہا کہ ایک پاکستان میں دو نظام نہیں ہو سکتے، قوم 8 فروری کو جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کا یومِ احتساب بنا دے، اقتدار میں آ کر ملک میں قرآن و سنت کا نظام نافذ کریں گے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں احتساب کا نظام نافذ کرے گی، آج ملک میں سود کا نظام ہے جو اللہ کے ساتھ جنگ کا اعلان ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) اور پاکستان تحریک انصاف سمیت سب نے سود کا نظام دیا، اگر اللہ نے موقع دیا تو سب سے پہلے سود کا خاتمہ کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کشمیر کو آزاد کروائے گی، پیپلز پارٹی، (ن) لیگ اور پی ٹی آئی نے کشمیر کو آزاد کروانے کے بجائے بھارت سے دوستی کی۔