گورنر سندھ کی رہائشگاہ گورنر ہاؤس کراچی میں انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کی کلاسوں کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ایک اور وعدہ پورا کر دیا اور گورنر ہاؤس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی کلاسوں کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔
یہ کلاسز روز کی بنیاد پر اور تین شفٹوں میں ہوں گی جن میں پہلی شفٹ صبح 9 سے دوپہر 12 بجے، دوسری شفٹ دوپہر 2 سے شام 5 بجے تک جب کہ تیسری شفٹ شام 7 سے رات 10 بجے تک ہوگی۔
ترجمان گورنر سندھ کے مطابق پچاس ہزار آئی ٹی کے طالب علموں کی کلاسز گورنر ہاؤس میں ہوں گی۔ جدید آئی ٹی کورسز کی کوئی فیس نہیں ہے تاہم طالب علم وقت کی پابندی کو یقینی بنائیں اور اپنے ایڈمٹ کارڈ پر درج شیڈول کے مطابق وقت پر گورنر ہاؤس آئیں۔
دوسری جانب گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کلاسز کے آغاز پر طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورس مکمل کرنے کے بعد آپ نوکری فراہم کرنے والے بن جائیں گے، یہ تمام چیزیں کرنے کا مقصد نوجوانوں کا مستقبل سنوارنا ہے۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ دنیا کے ساتھ چلنے کیلیے ہمیں ترقی کی جانب بڑھنا ہے۔ گزشتہ چھ ماہ سے ہم اس پراجیکٹ پر دن و رات کام کر رہے تھے اور ان تمام سہولتوں کے لیے اپنی جیب اور دوستوں سے فنڈز جمع کیے۔
انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں گورنر سندھ رہوں یا نہیں مگر آپ سب کا ساتھ نہیں چھوڑوں گا۔ اس موقع پر انہوں نے طالبعلموں سے یہ وعدہ بھی لیا کہ وہ دل لگا کر کورس مکمل کریں گے۔