اسلام آباد مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آزاد امیدوار اپنی اکثریت دکھائیں دل سے قبول کریں گے۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے وفاق میں مل کر حکومت بنانے کا اعلان کردیا۔
دونوں جماعتوں کے قائدین نے کہا کہ وزیراعظم کے امیدوار شہبازشریف ہوں گے جب کہ صدارتی عہدے کے لیے ن لیگ آصف زرداری کی حمایت کرے گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ آزاد امیدوار کو پیغام دیا حکومت بناسکتے ہیں تو شوق سے بنائیں لیکن سنی اتحاد کونسل اور ایم ڈبلیو ایم کے پاس نمبرز پورے نہیں ہیں، نئی حکومت بنانے کے لیے ہمارے پاس نمبرز پورے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو کے تعاون کرنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں، نواز شریف کی ہدایات کی وجہ سے گفتگو حتمی نتیجے پر پہنچی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ آصف زرداری کو آئندہ پانچ سال کے لیے صدر منتخب کریں گے، ایم کیو ایم، ق لیگ سمیت اتحادی مشاورت سے قدم بڑھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کے لیے مشاورت سے آگے بڑھیں گے۔
ن لیگ کے صدر نے کہا کہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اتحادیوں کے ساتھ آگے بڑھیں گے، اس اتحاد نے معیشت کو دوبارہ پیروں پر کھڑا کرنا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ آج 76 سال بھی قرضوں کی زندگی بسر کررہے ہیں جس کا خاتمہ کرنا ہے۔