چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے بے سہارا اور یتیم بچوں کو پاک نیوزی لینڈ میچ دیکھنے کی دعوت دے دی۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والے چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 140 بے سہارا بچے قذافی اسٹیڈیم میں پی سی بی کے مہمان خاص ہوں گے۔ بے سہارا اور یتیم بچوں کی میچ کے دوران مہمان نوازی بھی کی جائے گی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی ہدایت پر یتیم بچوں کے لیے فرسٹ کلاس انکلوژر کی ٹکٹس فراہم کی گئی ہیں۔ اس حوالے سے پی سی بی حکام نے ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر سے رابطہ کرکے بچوں کے لیے ٹکٹس مہیا کرنے کی ہدایت کی۔
محسن نقوی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ بے سہارا اور یتیم بچوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے کی یہ حقیر سی کاوش ہے۔