سابق وزیر اعظم نواز شریف کی طبیعت اچانک ناساز ہو گئی انہیں کوٹ لکھپت جیل سے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) منتقل کر دیا گیا۔
کوٹ لکھپت جیل حکام سابق وزیر اعظم نواز شریف کو پی آئی سی اسپتال لے کر پہنچے جہاں اُن کا عارضہ قلب کے حوالے سے ڈاکٹرز کا بورڈ پروفیسر شاہد حمید کی سربراہی میں طبی معائنہ کر رہا ہے اور نواز شریف کا تھلیم اسکین ٹیسٹ بھی کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف کی ای سی جی اور ایکو کی جائے گی جب کہ نواز شریف کا کریٹینین معلوم کرنے والا ٹیسٹ بھی کیا جائے گا۔
نواز شریف کو اسپتال منتقل کیے جانے کے حوالے سے ان کی صاحبزادی مریم نواز نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کیا تھا۔
مریم نواز اور نواز شریف کے معالج ڈاکٹر عدنان نے حکام سے میڈیکل رپورٹس مہیا کرنے کی درخواست بھی کر رکھی ہے تاہم مریم نواز اور ڈاکٹر عدنان کے مطابق انہیں میڈیکل بورڈ کی رپورٹس سے آگاہ نہیں کیا گیا ہے۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف کو سپریم کورٹ نے العزیزیہ اسٹیل مل ریفرنس میں جرم ثابت ہونے پر سات سال قید اور جرمانے کی سزا سنا رکھی ہے اور وہ کوٹ لکھپت جیل میں اپنی سزا کاٹ رہے ہیں۔