جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد میں حکمرانوں کے پرتشدد رویے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر جماعت کو جلسہ اور مظاہرہ کرنے کا حق حاصل ہے۔
سکھر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ایک صوبے سے آنیوالے قافلوں کو پیچھے ہٹتے ہوئے راستہ دیا گیا کہ کہ گولی نہیں چلانا چاہتے، لیکن وہی لوگ جب ڈی چوک پہنچ گئے توپھر گولی کیوں چلائی گئی۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہر جماعت کو جلسہ اور مظاہرہ کرنے کا حق حاصل ہے۔ ’مجھے بھی اور میرے مخالف کو بھی یہ حق حاصل ہے۔۔۔ہم اسلام آباد میں حکمرانوں کے پرتشدد رویے کی مذمت کرتے ہیں۔‘
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ کہ انہیں کسی جماعت یا پارٹی سربراہ کے فیصلے سے غرض نہیں کہ انہوں نے غلط یا صحیح فیصلہ کیا، ان کے مطابق ہر شخص اور جماعت اپنے فیصلوں کے خود ذمہ دار ہیں۔