شام کے باغیوں نے دارالحکومت دمشق پر قبضے کے بعد سرکاری ٹی وی پر تمام قیدیوں کے لیے عام معافی کا اعلان کرتے ہوئے انہیں رہا کر دیا۔
عرب میڈیا کے مطابق شامی باغ گروپ کے سربراہ ابو محمد الجولانی نے اپنی فتح کا اعلان سرکاری ٹی وی پر کرتے ہوئے بتایا کہ شام سے بشار الاسد حکومت کے طویل دور کا خاتمہ ہو گیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق شامی باغیوں نے آزاد شام کی خود مختاری اور سالمیت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ سیاہ دور کا خاتمہ کرنے کے بعد نیا عہد شروع ہونے جا رہا ہے۔ شام کی تمام سرکاری، غیر سرکاری املاک اور تنصیبات کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔
شامی باغی گروپ تحریر الشام کے سربراہ ابو محمد الجولانی نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوام اور سابق حکومت کے فوجی سرکاری اداروں سے دور رہیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق عوام نے امیہ اسکوائر پر جشن منایا، شامی شہری شامی فوج کے ٹینکوں پر چڑھ گئے، دمشق میں باغی ملیشیا کو کسی قسم کی مزاحمت کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔