محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اورخشک رہنے کا امکان ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں موسم سرد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرد رہنے کا امکان ہے، پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک رہے گا، مری، گلیات اور گرد و نواح میں چند مقامات پر بارش کی توقع ہے۔
ملتان، خانیوال، خانپور، رحیم یار خان اور بہاولپور میں دُھند رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جنو بی پنجاب کے بیشتر حصوں میں دُھند رہنے کی توقع ہے۔گلگت بلتستان میں چند مقامات پربارش اوربرفباری کی توقع ہے، بالائی خیبرپختونخواکے مختلف علاقوں میں بارش اوربرفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے، کوہستان، چترال، دیر، سوات، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش ہونے کی توقع ہے۔
آزادکشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے، بعض میدانی علاقوں میں سرد ہوائیں چلنے کا امکان ہے، بالائی سندھ میں بعض مقامات پر دھند رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ مطلع صاف رہے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی دو ریکارڈ کیا گیا جبکہ قلات میں منفی پانچ اور زیارت میں منفی چار ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔صوبے کے میدانی علاقوں میں موسم سرد رہنے کا امکان ہے جبکہ جیوانی، پسنی اور گوادر میں سرد ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
پشین، سرانان، خانوزئی سمیت قلعہ سیف اللہ اور شمالی علاقہ جات میں مطلع جزوی آبر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ موسیٰ خیل، ڈیرہ بگٹی اور رکھنی میں ہلکی ہواؤں کے ساتھ موسم سرد رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں موسم خشک اور سرد رہے گا جبکہ بالائی اضلاع میں شدید سرد ررہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران سوات، شانگلہ، دیر، چترال، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، بٹگرام اور تورغر میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
سوات میں پارا نقطہ انجماد سے گرگیا، کالام میں درجہ حرارت منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ چترال اور تیمر گرہ میں درجہ حرارت منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیا گیا۔ پشاور کا کم سے کم درجہ حرارت 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔