پاکستانی ڈراما اور فلم انڈسٹری کی اداکارہ مہوش حیات کی عمرہ ادائیگی کی ویڈیو نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ مبذول کرالی۔
مہوش حیات کا شمار پاکستان کی ان اداکاراؤں میں ہوتا ہے جن کا اسکرین پر ایک خاص جادو ہے اور وہ جس بھی پراجیکٹ کا حصہ بنتی ہیں اپنے اسی ایک خاص جادو کی مدد سے اسے کامیابی سے ہمکنار کرواکر ہی دم لیتی ہیں۔
انہیں ٹیلنٹ کا ایک مکمل شاہکار کہا جائے تو غلط نہ ہوگا کیونکہ وہ نہ صرف بےمثال اداکاری کے لیے مشہور ہیں بلکہ فیشن اور حسن کے بدولت بھی مداحوں کی تمام تر تعریفوں کا محور بن جاتی ہیں۔
یہاں تک کہ انکی قابلیت کو دیکھتے ہوئے انہیں حکومتِ پاکستان کی جانب سے تمغہ امتیاز سمیت متعدد اعزازات سے بھی نوازا جاچکا ہے۔
کبھی کبھی، میرات العروس، کمی رہ گئی جیسے ڈراموں میں اداکاری سے مشہور مہوش حیات اگرچہ کہ اب ڈراموں میں شاذو نادر ہی نظر آتی ہیں لیکن گزشتہ عرصوں میں انہیں کئی فلموں میں اداکاری کے جوہر بکھیرتے دیکھا گیا جن میں تیری میری کہانی، دل لگی، لندن نہیں جاؤنگا، چھلاوا، جوانی پھر نہیں آئی 2، پنجاب نہیں جاؤنگی اور لوڈ ویڈنگ جیسی سپر ہٹ اور مزاحیہ فلمیں شامل ہیں۔
تاہم اب اداکارہ نے ایک بار پھرنصف دہائی سے زائد عرصے کے بعد ڈرامہ انڈسٹری میں واپسی کی ہیں اور مداح جلد ہی انہیں ایک پیچیدہ، سنسنی خیز اور تجسس سے بھرپور کردار کے ساتھ ٹیلی ویژن اسکرینز پردھوم مچاتے دیکھیں گے۔
لیکن اس سے قبل مہوش حیات سے روحانی سفر پر جانے کا ارادہ کیا جس کی جھلکیاں سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر مہوش حیات نے اسٹوری اپڈیٹ کی ہے جس میں انہیں سیاہ عبایا اور سفید دوپٹے میں ملبوس حرم شریف کے سامنے دعا مانگتے اور عبادت کرتے دیکھا گیا۔

کیمرے میں پہلے اداکارہ مہوش حیات کو دعا مانگتے دکھایا گیا جس کے بعد خانہ کعبہ کو زوم کرتے منظر دل چھولینے والے نظر آنے لگے۔
مہوش حیات کی اس کلپ کو دیکھنے کے بعد اندازا ہوتا ہے کہ ان دنوں اداکارہ عمرہ ادائیگی میں مصروف ہیں اور اس روحانی سفر کو سوشل میڈیا کی نظروں سے پوشیدہ رکھنے کی کوشش میں ہیں۔
دوسری جانب اداکارہ کی اسٹوری دیکھنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین انہیں عمرہ ادائیگی کی ڈھیروں مبارکباد دیتے نظر آرہے ہیں۔