امانت میں خیانت کے الزام میں اداکارہ نازش جہانگیر کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے۔
لاہور کی کینٹ کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے اداکارہ کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔ ڈیفنس سی پولیس کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
اداکارہ کے خلاف ڈیفنس کے اسود ہارون نامی شخص نے مقدمہ درج کروا رکھا ہے۔ مقدمہ امانت میں خیانت، فراڈ اور دھمکیاں دینے کی دفعات کے تحت درج ہے۔
عدالت نے مقدمے میں نامزد نازش جہانگیر ،سکندر خان اور دیگر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔ مدعی مقدمہ نے وارنٹ گرفتاری ڈیفنس سی پولیس میں جمع کروا دیے ہیں۔
عدالت نے اداکارہ اور ملزمان کو 22 مارچ کو پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال ابھرتے ہوئے اداکار اذان اسود ہارون نے دعویٰ کیا کہ معروف اداکارہ نازش جہانگیر نے انہیں شوبز انڈسٹری میں متعارف کرانے کا جھانسہ دے کر ان سے رقم بٹوری، گاڑی لی اور پھر تشدد کروایا۔
اسود ہارون نےبتایا کہ نازش جہانگیر نے پہلے ان سے 15 لاکھ اور پھر مزید رقم کا مطالبہ کیا، بہانے سے گاڑی مانگی اور انہوں نے اداکارہ کو 55 لاکھ روپے مالیت کی ہونڈا کار دے دی، مزید یہ کہ ان سے ایئرٹکٹس بھی منگواتی رہی تھیں۔
اسود ہارون نے دعویٰ کیا کہ پیسوں کے واپسی کے مطالبے پر اداکارہ نے انھیں ایک فارم ہاؤس میں بلایا، جہاں متعدد اسلحہ بردار افراد نے انہیں یرغمال بنا کر انہیں تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے بعد اس نے نازش کے خلاف ڈیفینس سی تھانےمیں فراڈ کا مقدمہ درج کروایا، جس میں پیسوں اور گاڑی کا بھی ذکر کیا گیا۔