نیویارک:امریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ نے ایک اور تاریخی سنگِ میل عبور کرلیا۔ اے پیگ کی کاوشوں سے نیویارک اسٹیٹ اسمبلی اور سینیٹ نے انیس مارچ کو پاکستانی امریکن بزنس ڈے اور تئیس مار چ کو پاکستان امریکن ہیریٹیج ڈے قرار دے دیا ہے۔
امریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ کی کاوشیں رنگ لے آئیں۔نیویارک کی ریاستی اسمبلی اور سینیٹ اراکین نے پاکستانی کمیونٹی کی شاندار خدمات کا اعتراف کرلیا۔اے پیگ کی کوششوں سے اسمبلی مین نادر سئیج اور سینیٹر جان لوکے توسط سے پیش کی گئیں دو اہم قرار دادیں منظور کرلی گئیں۔
اسمبلی مین نادر سئیج نے ایوان میں اے پیگ کی طرف سے 23 مارچ کو پاکستان امریکن ہیریٹیج منانے کی قرار داد پیش کی جسے منظور کرلیا گیا۔اجلاس کی کاروائی کے دوران پاکستانی سفیر رضوان سعید خان، قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی ،اے پیگ کے صد ر علی رشید اور ان کی پوری ٹیم بھی موجود تھی جنھوں نے ہاتھوں میں سبز ہلالی پرچم بھی تھامے ہوئے تھے اور سب حب الوطنی کے جذبے سے سرشار دکھائی دیے ۔
بعد ازاں قراردوں کی منظوری کا جشن منایا گیا جس کا آغاز تلاوتِ کلام ِپاک سے ہوا۔ تقریب کے شرکاء سے خطاب میں اے پیگ کے صدر علی رشید نے اپنی تنظیم کی کار کردگی او ر سرگرمیوں سے متعلق بریفنگ دی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستانی امریکییوں کو سیاسی سرگرمیوں میں شمولیت ، خواتین کو با اختیار بنانے، تہذیب و ثقافت کے تبادلے اور پاکستان کا مثبت چہرہ اجاگر کرنے کے ہمہ وقت کوشاں ہیں۔
اجلاس کے دوران پاکستانی کمیونٹی نے نیویارک اسٹیٹ اسمبلی کے اراکین کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر پاکستانی سفیر رضوا ن سعید شیخ اور قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے اے پیگ کی کاوشوں کو بھرپور سراہااور ان قرار داد کی منظوری کو تاریخی قرار دیا۔
قرار دا د کو اسمبلی میں پیش کرنے اور اس کی منظوری میں اہم کردار ادا کرنے والے اسمبلی مین نیدر سیئج، اسمبلی مین ڈیوڈ ویپرن اور اسمبلی جینیفر راج کمار نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ اسمبلی اراکین نے اے پیگ کی بلاتفریق خدمتِ انسانیت کا اعتراف کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا وبا کا مشکل ترین دور ہو یا خوشی کا کوئی بھی تہوار اے پیگ نے ہمیشہ کمیونٹی سروسز میں بڑھ چڑھ کا کام کیا ہے۔ تقریب سے اے پیگ یوتھ چیپٹر سے سلطان رشید اور وومن چیپٹرکی تہمینہ خان نے بھی اظہارِ خیال کیا ۔
ان کا کہنا تھا کہ اے پیگ نے اپنی سماجی سرگرمیوں کی بدولت پاکستانی اور امریکی کمیونٹی کے درمیان تعلقات کو مستحکم کیاہے، یہ بہت مثبت تبدیلی ہے۔
اس موقع پر اسمبلی مین نیدر سیئج نے پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ، قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی کی موجودگی میں اے پیگ کے صدر علی رشید کی موجودگی میں اسمبلی سے منظو رکی گئی قرار داد کا پروکلیمیشن پیش کیا۔ بعد ازاں اے پیگ نے اپنی ٹیم او ر مہمانوں کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا۔