جنت مرزا پاکستان کی سب سے مقبول ترین ٹک ٹاکر ہیں اور انسٹاگرام پر بھی ان کی فین فالوونگ سب سے زیادہ ہے۔
ان کی بہن علشبہ انجم بھی ایک سوشل میڈیا اسٹار ہیں، یہ دونوں بہنیں اپنی ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے کے علاوہ اکثر مختلف تقریبات، مصنوعات یا برانڈز کی تشہیر کرتی نظر آتی ہیں۔
جنت مرزا نے اپنے فلمی کریئر کا آغاز سید نور کی فلم ’تیرے باجرے دی راکھی‘ سے کیا تھا، تاہم یہ فلم بُری طرح فلاپ ہوئی اور جنت مرزا ایک کامیاب فلمی اداکارہ نہ بن سکیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جنت مرزا کو ‘پری زاد’ اور ‘ہم کہاں کے سچے تھے’ جیسے ڈراموں کی بھی آفر ہوچکی ہے تاہم انہوں نے ڈراموں میں اداکاری کی پیشکش ٹھکرادی تھی۔
حال ہی میں جنت مرزا نے اپنی فیملی کے ہمراہ ‘اے آر وائی ڈیجیٹل’ کے شو ‘شان سحر’ میں شرکت کی، جس میں گفتگو کے دوران انہوں نے کوئی ڈرامہ سائن نہ کرنے کی وجہ بھی بتادی۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ ڈراموں میں اداکاری کرنے کیلئے انہیں کئی رکاوٹیں درپیش ہیں، تقریباً تمام ڈرامے کراچی میں شوٹ ہوتے ہیں اور وہ فضائی حادثات سے خوفزہ ہونے کے سبب جہاز میں بار بار کراچی کا سفر کرنے سے کتراتی ہیں۔
جنت مرزا کے بقول وہ اس شو میں شرکت کیلئے بھی جہاز سے کراچی آنے میں خوفزدہ تھیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈرامہ سائن کرنا ایک طویل عرصے پر محیط ذمہ داری ہوتی ہے اور اسی وجہ سے وہ ڈرامے نہیں کرنا چاہتیں۔
کراچی شفٹ ہونے سے متعلق سوال کے جواب میں جنت مرزا کا کہنا تھا کہ انہیں اور انکی فیملی کو فیصل آباد میں رہنا پسند ہے اور انکے والدین کراچی منتقل نہیں ہونا چاہتے۔